ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہیماڈی میں اے ٹی ایم مشین لوٹنے کی ناکام کوشش۔۔۔پولیس نےکیاملزم کو گرفتار

ہیماڈی میں اے ٹی ایم مشین لوٹنے کی ناکام کوشش۔۔۔پولیس نےکیاملزم کو گرفتار

Mon, 15 Aug 2016 20:54:12    S.O. News Service

کنداپور15؍اگست (ایس او نیوز)رات کے وقت اے ٹی ایم مشین توڑ کر رقم لوٹنے کی ناکام کوشش کرنے والے ملزم کو چند گھنٹوں کے اندر پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیل یہ بتائی جاتی ہے کہ ہیماڈی کے رہنے والے شیکھر پجاری (۳۶سال) نے ہیماڈی ہی میں زیر تعمیرکامپلیکس کے قریب واقع اے ٹی ایم مشین سے رقم چرانے کی کوشش کی تھی۔ شیکھر دراصل کمبھاشی کا رہنے والا ہے مگر پچھلے ایک دیڑھ مہینے سے وہ مذکورہ کامپلیکس میں تعمیری مزدور کے طور پر کام کررہاتھا۔کہتے ہیں کہ وہ ایک عادی شرابی ہے اور روزانہ لوگوں کو اے ٹی ایم مشین سے روپے نکالتے ہوئے دیکھ کر اسے خیال آیا کہ مشین توڑنے پر بڑی رقم ہاتھ لگ جائے گی۔ پھر اسی کے مطابق اس نے سازش رچی اور رات 1.30بجے نشے میں چورہوکر وہ اے ٹی ایم مشین تک پہنچا۔اس وقت اس نے اپنا چہرہ قمیص کے گریبان میں چھپا رکھا تھا۔پھر اس نے کیمرے میں اپنی تصویر قید ہونے سے بچنے کے لئے پہلے سی سی ٹی وی کیمرے کو پھوڑ ڈالا۔ اس کے بعد ایک لوہے کی سلاخ اور ہتھوڑے سے اے ٹی ایم مشین توڑنے لگا۔مگردو گھنٹے کی جد وجہد کے بعد بھی شیکھر مشین میں موجود کیش تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہا۔رات 3.30بجے کے قریب جب کنداپور پولیس اسٹیشن کی بیٹ ٹیم کے اہلکارناگراج اور جوزیف اس علاقے میں پہنچے تو شیکھر انہیں دیکھتے ہی اپنی چپل چھوڑ کر وہاں سے بھاگ کھڑا ہوا۔ لوہے کی سلاخ اور ہتھوڑا بھی اس نے وہیں قریب میں پھینک دیا۔
پولیس نے اس معاملے میں بڑی مستعدی دکھائی ۔سب انسپکٹر ناصر حسین،ایڈیشنل ایس پی وشنو وردھن،ڈی وائی ایس پی پروین نائک وغیرہ نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔موقع پر ملے چپل اور اس علاقے کے مزدوروں کی طرف سے ملی معلومات کی بنیاد پر ملزم کے طورپرشیکھر کا نام سامنے آیا۔پولیس نے فوراً شیکھر کو گرفتار کیااور تفتیش کرنے پر اس نے اپناجرم قبول کرتے ہوئے بتایا کہ وہ صبح کے وقت پھر سے اے ٹی ایم مشین کے پاس دوبارہ آیا تھا اور وہاں پر پولیس اور عوام کی بھیڑ دیکھ کر واپس چلاگیا تھا۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ ایک ٹی وی سیریل میں اے ٹی مشین توڑ کر رقم لوٹنے کا منظر اس نے دیکھا تھا اور اسی سے متاثر ہوکر اس نے یہ اقدام کیا تھا۔
کہا جاتا ہے کہ اس اے ٹی ایم مشین کا انتظام ٹاٹا کمیونی کیشن کمپنی کے پاس ہے اور اس نے اے ٹی ایم کی نگرانی کے لئے کوئی چوکیدار متعین نہیں کیا تھا جس سے شیکھر کو اپنے پلان پر عمل کرنے میں آسانی ہوگئی۔ لیکن اس کی پوری محنت اکارت گئی اور مشین سے ایک روپیہ بھی حاصل کئے بغیر اسے پولیس کا مہمان بننا پڑا۔


Share: